27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 6:10
ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، وزیراعظم گیلانی
آج نیوز - وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ ادارے اپنی حدود میں رہ کر کام کریں، جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، مرکز اور صوبوں میں ٹکراوٴ کی کسی کوشش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ گورنر ہاوٴس لاہور میں پیپلز پارٹی پنجاب کی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ حکومت ملکی مسائل پر تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلنا چاہتی ہے، پیپلزپارٹی میثاق جمہوریت پر قائم ہے، اتحادیوں نے انحراف کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے سیاسی مصلحتوں سے بالا تر ہو کر تیسری بار وزیراعظم بننے پر پابندی ختم کی اور صوبوں کو خودمختاری بھی دی۔ انہوں نے کہا کہ مرکز اور صوبوں کو لڑانے والے ناکام ہوں گے۔ وزیراعظم نے وعدہ کیا کہ پیپلزپارٹی کے اراکین پنجاب اسمبلی کو وفاق سے ترقیاتی فنڈز مہیا کئے جائیں گے۔ اس سے پہلے وزیراعظم نے سیاسی رہنماوٴں کو ٹیلی فون کر کے انہیں وزیرخارجہ کے دورہ بھارت پر اعتماد میں لیا۔