27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 6:17
حج کرپشن کیس: ڈی جی ایف آئی اے عدالت میں پیش
آج نیوز - سپریم کورٹ میں حج کرپشن کیس کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی، ڈی جی ایف آئی اے تحسین انور عدالت میں پیش ہو گئے۔ چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کی سربراہی میں چھ رکنی بینچ حج کرپشن کیس کی سماعت کر رہا ہے۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس نے اٹارنی جنرل سے سوال کیا کہ سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو عہدے سے کیوں ہٹایا گیا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ ملک میں قانون کی حکمرانی کے سوا کچھ نہیں چلے گا۔ عدالت عظمیٰ نے آج ڈی جی ایف آئی اے کو ذاتی طور پر پیش ہونے کی ہدایت کی تھی جس پر ڈی جی ایف آئی اے تحسین انور آج عدالت میں پیش ہوگئے۔ ڈی جی ایف آئی اے کا کہنا تھا کہ حسین اصغر نے اب تک ایف آئی اے میں واپس رپورٹ نہیں کی۔ سماعت کے دوران حسین اصغر اور اس کی ٹیم کو حج اسکینڈل کی تحقیقات دینے کی رپورٹ عدالت میں پیش رکر دی گئی۔ بعد میں کیس کی سماعت کل تک کے لئے ملتوی کر دی گئی۔