تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:48

شیری پر قاتلانہ حملہ،پی ایف یو جے کا ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ

آج نیوز - ملک کے طول و عرض میں آج نیوز کے مقبول پروگرام "ٹارگٹ" کے میزبان شیری پر قاتلانہ حملے کی مذمت جاری ہے۔ پی ایف یو جے نے دو دن میں ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کردیا۔ پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلٹس کے جنرل سکریٹری امین یوسف نے شیری پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کچھ لوگ آئینہ میں اپنا چہرہ نہیں دیکھنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے اڑتالیس گھنٹوں میں ملزمان کی گرفتاری کا مطالبہ کیا اور کہا کہ اگر مطالبہ پورا نہ ہوا تو پی ایف یو جے اپنا لائحہ عمل طے کرنے میں آزاد ہوگی۔ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے شیری پر حملہ افسوسناک قرار دیا اور کہا کہ دہشت گرد ڈر اور خوف پھیلانا چاہتے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ کی مشیر شرمیلا فاروقی نے شیری پر حملے کو آزادی صحافت پر حملہ قرار دیا۔ آج نیوز سے بات کرتے ہوئے شرمیلا فاروقی نے شیری کو نہایت بے باک صحافی قرار دیا اور کہا کہ شیری مجرموں کو بے نقاب کرکے حکومت کی بھی مدد کرتے ہیں۔ انہوں نے شیری کو ہرطرح کا تحفظ فراہم کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی کے رکن واسع جلیل نے آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انصاف کے کٹہرے میں نہ لانے سے مجرموں کے حوصلے بلند ہوتے ہیں۔ اس طرح کے واقعات سے عالمی برادری میں پاکستان کا امیج خراب ہورہا ہے۔ جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر معراج الہدٰی صدیقی نے کہا ہے کہ دھمکیاں دے کر صحافیوں کوحق گوئی سے نہیں روکا جاسکتا۔ انہوں نے حملہ آوروں کی فوری گرفتاری اور انہیں انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا۔ عوامی نیشنل پارٹی نے حملہ آوروں کو بزدل قرار دیا ہے اور ملزمان کی فوری گرفتاری کا مطالبہ کیاہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.