27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:35
سانحہ ایئر بلیو، جاں بحق افراد کی یاد میں دیے روشن
آج نیوز - ایئربلیو حادثے کو ایک برس گزرگیا، حادثے میں جاں بحق افراد کی برسی پر لواحقین کی جانب سے فوارہ چوک پر شہداء کی یاد میں شمعیں روشن کی گئیں۔حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین نے شہداء کی یاد میں کراچی کے فوراہ چوک پر موم بتیاں اور شمعیں روشن کیں اور اپنے پیاروں کو یاد کیا، اس سے قبل ایئربلیو کریش ایفیکٹی گروپ نے کراچی پریس کلب میں پریس کانفرنس کی، پریس کانفرنس میں لواحقین نے مطالبہ کیا کہ واقعے کو ایک سال گزرجانے کے باوجود واقعے کے ذمہ داروں کا تعین نہیں کیا جاسکا، لواحقین کے اصرار پر ایئربلیو کی جانب سے اسلام آباد میں شہداء کی یادگار تعمیر کی جارہی ہے جس کا کل دورہ کیا جائے گا، ایک چھوٹی سی دیوار کی صورت میں کوئی یادگار قبول نہیں ہوگی۔ اس سے قبل کراچی میں پلڈاٹ اور یوتھ پارلیمنٹ کے زیراہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شہداء کے لواحقین اور شرکاء کا کہنا تھا کہ سول ایوی ایشن واقعے میں فریق ہے اس کے باوجود سول ایوی ایشن سے تحقیقات کرائی گئیں جو قبول نہیں۔ انہوں نے مطالبہ کیاکہ شفاف تحقیقات کے لیے غیرجانبدار کمیشن یا افراد کی خدمات حاصل کی جائیں۔