27 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:51
گوجرانوالہ:خاتون پر تشدد، پولیس اہلکاروں کیخلاف مقدمے کا حکم
آج نیوز - گوجرانوالہ میں عدالت نے چوری کے جھوٹے مقدمے میں خاتون پر چار روز تک بد ترین تشدد کرکے معذور کرنے والے چھ پولیس اہلکاروں اور مدعی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیدیاجبکہ تفتیشی افسر کو گرفتار کرا دیا گیا۔گوجرانوالہ کے علاقے دھلے کی رہائشی انیلہ کی شادی دو سال قبل گرجاکھ کے عامر خاں کے ساتھ ہوئی اس عرصہ میں عامر کا اپنے باپ اشرف خاں کے ساتھ جائیداد کا تنازعہ پیدا ہوگیا۔ جس پر اشرف خاں نے اپنے بیٹے اور بہو کے خلاف چوری کا مقدمہ درج کروادیا۔ جس پر تھانہ گرجاکھ پولیس نے خاتون اور اسکے شوہر کو حراست میں لیتے ہوئے بد ترین تشدد کا نشانہ بنایا۔عدالتی حکم پر خاتون کا میڈیکل کروایا گیا تو تشدد ثابت ہوگیا،سیشن عدالت نے میڈیکل رپورٹ میں تشدد ثابت ہونے پر تفتیشی افسر،پانچ کانسٹیبلان اور مدعی کیخلاف مقدمہ درج کرنے کا حکم دیتے ہوئے خاتون کی ضمانت منظور کرلی جبکہ گرجاکھ پولیس نے عدالتی حکم پر تفتیشی افسر کو عدالت میں ہی گرفتار کرلیا۔