28 جولائی 2011
وقت اشاعت: 1:47
پاک بھارت مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہوسکے
آج نیوز - پاک بھارت مذاکرات نتیجہ خیز ثابت نہ ہو سکے۔ دونوں ملکوں نے ایک بار پھر باہمی تنازعات کے حل کیلئے بات چیت جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ حنا ربانی کھر کہتی ہیں دو طرفہ تعلقات کے نئے دور کا آغاز ہوگیا۔نئی دلی میں پاکستان اور بھارت کے وزراء خارجہ نے کشمیر اور پانی سمیت تمام اہم امور پر بات کی۔ ملاقات کے بعد مشترکہ نیوز کانفرنس ہوئی۔
پاکستان کی وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان نئے دور کا آغاز ہو چکا ہے۔ دو طرفہ تعلقات کی بہتری کا واحد راستہ مذاکرات ہیں۔ لہذا دونوں ممالک نے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔حنا ربانی کھر نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے عوام کی سوچ تبدیل ہورہی ہے۔ خطے میں استحکام دونوں ملکوں کی ذمہ داری ہے۔بھارتی وزیر خارجہ ایس ایم کرشنا نے کہا ہے مذاکرات درست راہ پر چل رہے ہیں۔ انہوں نے پاکستان سے دوستانہ تعلقات کی خواہش کا اظہار کیا۔
بھارتی وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کے ساتھ جموں و کشمیر کے مسئلے کے تصفیے کیلئے مذاکرات جاری رہیں گے۔ ایس ایم کرشنا نے کہا کہ پاکستان اور بھارت نے دہشتگردی کے خاتمے اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے پر اتفاق کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک بھارت وزراء خارجہ آئندہ سال کے اوائل میں ملاقات کریں گے۔