28 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:43
آج ہیپاٹائیٹس سے آگاہی کا عا لمی دن منایا جا رہا ہے
آج نیوز - دنیا بھر میں آج ہیپاٹائیٹس سے آگاہی کا دن منایا جا رہا ہے۔ جس کا مقصد ہیپاٹائیٹس بی اور سی کے علاج اور احتیاطی تدابیر کے بارے میں شعور بیدار کرنا ہے۔ دنیا کا ہر بارواں شخص ہیپاٹائیٹس کے مرض میں مبتلا ہے۔ ہیپاٹائیٹس جگر کی ایک بیماری ہے۔ جو جگر میں خون کے ذریعے خراب مادوں کے پہنچنے سے ہوتی ہے۔ ہیپاٹائیٹس کی پانچ اقسام بتائی جاتی ہیں۔ جن میں اے، بی، سی ،ڈی اور ای شامل ہیں۔ ماہرین کے مطابق ہیپاٹائیٹس اے اور ای کی وجوہات میں الودہ پانی کا استعمال، منہ کی بیماریاں اور غیر صحت مند خوراک شامل ہیں۔ ہیپاٹائیٹس بی، سی اور ڈی کے پھیلنے کے اسباب میں استعمال شدہ سرنجوں کا دوبارہ استعمال ، غیر محفوظ جنسی تعلقات اور خون کی منتقلی شامل ہیں۔پاکستان میں ہیپاٹائیٹس بی اور سی پھیلنے میں زیادہ تر مریضوں کی مرضی شامل نہیں ہوتی جبکہ مغرب میں ان کی منتقلی کا دارومدار مریض کے طرز زندگی پر ہوتا ہے۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر لوگوں کو صاف پانی کی فراہمی یقینی بنائی جائے اور استعمال شدہ سرنجوں کے دوبارہ استعمال پر پابندی پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے تو لاکھوں لوگوں کو اس خاموش وبائی مرض سے بچایا جا سکتا ہے۔