28 جولائی 2011
وقت اشاعت: 11:59
مہدی حسن کے شاگردِ خاص گلوکار آصف جاوید نے محفل میں سما ء باندھ دیا
آج نیوز - لاہور میں شہنشاہِ غزل مہدی حسن کے شاگردِ خاص گلوکار آصف جاوید نے استاد کے انداز میں گیت گا کر داد وصول کی.غزل کے عظیم گائیک مہدی حسن فن موسیقی کی شان ہیں انہوں نے جو گایا وہ امر ہو گیا،ان دنوں وہ علالت اور ضعیفی کے باعث صاحب فراش ہیں اور گانے سے قاصر ہیں،ان کی گائیکی کو ٹریبیوٹ پیش کرنے کے لئے پنجاب آرٹس کونسل نے ان کے شاگرد آصف جاوید کے ساتھ شام غزل کا اہتمام الحمرا آرٹس کونسل میں کیا۔ آصف جاوید نے اس شام غزل میں اپنے استاد کی گائی ہوئی فلمی اور غیر فلمی غزلیں سنا کر سماں باندھ دیا۔ اس شام غزل کے مہمانِ خصوصی پی ٹی وی لاہور کے سابق جنرل منیجر رفیق وڑائچ تھے جبکہ موسیقی کی اس محفل کا اہتمام پنجاب آرٹس کونسل کی ڈپٹی ڈائریکٹر صوفیہ بیدار نے کیا تھا۔موسیقی کی اس محفل میں مہدی حسن کی گائیکی کے متوالوں کے علاوہ ادبی اور ثقافتی شخصیات الحمرا آرٹ سنٹر میں موجود تھیں۔