28 جولائی 2011
وقت اشاعت: 14:58
آئین کی تشریح سپریم کورٹ کا حق ہے،چیف جسٹس
آج نیوز - چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ اختیارات کا بے جا استعمال قانون کی حکمرانی کیلئے نقصان دہ ہے۔ آئین کی تشریح سپریم کورٹ کا حق ہے۔ جسٹس جاوید اقبال کہتے ہیں کہ اب کوئی آئین توڑنے کا سوچ بھی نہیں سکتا۔سپریم کورٹ میں جج جسٹس جاوید اقبال کی ریٹائرمنٹ پر منعقدہ فل کورٹ ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس نے کہا کہ اداروں کو آئین کے دائرے میں رہ کر کام کرنا چاہئے۔ قانون کی حکمرانی ہر جمہوری معاشرے کا بنیادی تقاضا ہے،اختیارات کا بے جا استعمال قانون کی حکمرانی کے لئے نقصان دہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کسی بھی اختیار پر قانون کو فوقیت حاصل ہے۔ آئینی ڈھانچہ اختیارات کی تقسیم اور چیک اینڈ بیلنس پر استوار ہے۔ جسٹس جاوید اقبال نے اپنے خطاب میں کہا ان کی خواہش ہے کہ عدلیہ اور حکومت کے درمیان کشمکش نہ ہو۔ پاکستان کی یکجہتی آئین اور قانون کی حکمرانی کے گرد گھومتی ہے۔انہوں نے کہا کہ ریاست کے تینوں ستونوں کا کردار متعین ہے لہٰذا اداروں میں کسی تصادم کا امکان نہیں ہے۔ سپریم کورٹ بار کی صدر عاصمہ جہانگیر نے جسٹس جاوید اقبال کی خدمات کو سراہا۔ ان کا کہنا تھا کہ جو جج آئین کی پامالی کرتے ہیں ان کے لیے کوئی ہمدردی نہیں۔ پاکستان بار کونسل کے وائس چیئرمین لطیف آفریدی کا کہنا تھاکہ سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد نہیں کیا جا رہا،آزاد عدلیہ کی بحالی کا عمل ختم کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔