29 جولائی 2011
وقت اشاعت: 10:7
کراچی: بجلی کے سنگین بحران پر آج گورنر سندھ نے اجلاس طلب کر لیا
آج نیوز - وفاقی وزیر پٹرولیم کی مداخلت پر کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی بحال ہونے کے باوجود لوڈ شیڈنگ کا دورانیہ چودہ گھنٹے سے تجاوز کرگیا۔ بجلی کے سنگین بحران پر آج گورنر سندھ نے اجلاس طلب کر لیا.سوئی سدرن گیس اور پی ایس او نے گزشتہ روز واجبات کی عدم ادائیگی پر کے ای ایس سی کو گیس اور فرنس آئل کی فراہمی کم کردی۔ جس کے بعد صنعتی اور رہائشی علاقوں میں لوڈ شیڈنگ میں اضافہ کردیا گیا۔ صنعی علاقوں میں آٹھ اور رہائشی علاقوں میں چودہ گھنٹے سے زائد لوڈشیڈنگ ہونے لگی۔ تاہم وفاقی وزیر پٹرولیم ڈاکٹر عاصم حسین کی مداخلت پرگیس کی فراہمی کا مسئلہ حل ہوگیا۔ سوئی سدرن گیس کمپنی نے کے ای ایس سی کے مختلف یونٹس کو گیس کی سپلائی بحال کردی۔ ڈاکٹر عاصم نے کہا کہ کے ای ایس سی کو گیس کی فراہمی کا اقدام کراچی کے عوام کو لوڈشیڈنگ سے نجات دینے لیے اٹھایا گیا۔ باقی معاملات بھی آج طے پاجائیں گے۔ کے ای ایس سی کے ترجمان کا کہنا ہے کہ انہیں ایک سو اسی ایم ایم سی ایف ڈی گیس فراہم کی جارہی ہے۔ دو سو چالیس ایم ایم سی ایف ڈی گیس کی فراہمی پر لوڈشیڈنگ نصف کردی جائے گی۔ لیکن شہر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کا دورانیہ کم نہ ہوا۔ مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ نے عوام کی زندگی اجیرن کردی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کا کوئی شیڈول جاری نہیں کیا جارہا۔ مختلف علاقوں میں پانی کی قلت پیدا ہوگئی ہے۔ لوڈ شیڈنگ کے باعث لوگوں نیرات سڑکوں گزاری۔ تیکنیکی خرابیاں دور نہ کیے جانیکے باعث بھی شہر کے مخلتف علاقوں میں دو روز سے بجلی کی فراہمی معطل ہے۔