29 جولائی 2011
وقت اشاعت: 18:41
پارلیمان کی بالادستی یقینی بنائیں گے،اعلیٰ سطح کے اجلاس کافیصلہ
آج نیوز - ملک میں سیاسی صورتحال پر ایوان صدر میں صدر آصف علی زرداری کی صدارت میں اعلیٰ سطح کا اجلاس ہوا، اجلاس میں فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔صدارتی ترجمان فرحت اللہ بابر کے مطابق ایوان صدر میں صوبائی گورنرز اور وزرائے اعلیٰ کا اجلاس ہوا۔ صدر آصف زرداری اور وزیراعظم یوسف رضا گیلانی نے اجلاس کی مشترکہ صدارت کی۔ اجلاس میں گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ، گورنر خیبر پختون خواہ بیرسٹر مسعود کوثر، وزیراعلی سندھ قائم علی شاہ، وزیراعلیٰ خیبر پختون خواہ امیر حیدر ہوتی، وزیراعلی بلوچستان اسلم رئیسانی، آزاد کشمیر کے منتخب صدر سردار یعقوب، وزیراعظم آزاد کشمیر چوہدری مجید، سینیٹر بابر اعوان، پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر راجہ ریاض اور دیگر شامل تھے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ملک میں گڈ گورننس کو یقینی بنایا جائے گا اور بدعنوانی کا خاتمہ، اور بجلی و مہنگائی کا بحران ختم کرکے عوام کوریلیف دیا جائیگا۔ اجلاس میں رمضان کے مہینے میں مہنگائی کے خلاف سخت اقدامات کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں ریاست کے تمام اداروں کے احترام کا عزم کیا گیا اور زور دیا گیا کہ تمام ادارے آئین میں دی گئی حدود کے مطابق کام کریں۔ اجلاس میں اداروں کے درمیان ٹکراؤ کے تاثر کو سختی سے رد کیا گیا اور اس بات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا کہ تمام ادارے ہم آہنگی سے کام کر رہے ہیں۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پارلیمنٹ عوام کی امنگوں کی آئینہ دار ہے اور اس کی بالادستی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اجلاس میں صدر زرداری، وزیراعظم اور ان کی طرف سے پارلیمنٹ اور ریاستی اداروں کو مضبوط بنانے کیلئے کیے گئے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔