تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
30 جولائی 2011
وقت اشاعت: 8:45

کراچی :امن ریلیوں کا سلسلہ شروع

آج نیوز - کراچی میں امن کے لئے ریلیوں کا سلسلہ شروع ہوگیا۔ گذشتہ روز سنی تحریک کی ریلی نائین زیرو پہنچی۔۔ آج حکومت کی ریلی کلفٹن میں نکلے گی ۔کراچی میں امن کی خواہش اگر ہر دل میں نہ بھی ہو تو ہر زبان پر ضرور ہے۔ اس کا اندازہ بیانات اور تقریروں سے ہوتا رہتا ہے۔ امن کے لئے جلسوں اور ملاقاتوں کا سلسلہ بھی جاری رہتا ہے۔ قانون نافذ کرنے والے ادارے بھی کچھ کرتے رہتے ہیں۔ کبھی موٹر سائکل پر دو افرد کے بیٹھنے کا حق چھین لیتے ہیں تو کبھی گاڑیوں سے اتار کر تلاشی لیتے ہیں۔ کبھی آدھی رات کو دیواریں پھلانگ کر گھروں میں داخل ہوتے ہیں اور کبھی گستاخی کرنے والوں کی درگت بناکر فرض شناسی کا مظاہرہ کرتے ہیں۔ امن کے لئے ایک تازہ کوشش کا عنوان ریلی رکھا گیا ہے۔ گذشتہ روز اس سلسلے کی ایک ریلی سنی تحریک نے بھی نکالی۔ ثروت اعجاز قادری کی قیادت میں نکلنے والی یہ ریلی جب نائن زیرو پہنچی تو واسع جلیل، مصطفیٰ کمال، ڈاکٹر صغیر احمد، عامرخان اور دیگر نے ان کا استقبال کیا۔ ثروت اعجاز کا ارشاد تھا الطاف حسین کے امن کے پیغام پر حکومت کو پہل کرنی چاہئے تھی لیکن سنی تحریک نے پہل کردی۔ڈاکٹر صغیر احمد نے بھی الطاف حسین کی اپیل پر سیاسی جماعتوں کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔امن کے سلسلے میں ایک ریلی کا اہتمام آج حکومت نے بھی کیا ہے۔ کراچی کے پوش علاقے کلفٹن میں واقع ہیلی پیڈ سے نکلنے والی یہ ریلی تین تلوار پر ختم ہوگی۔ متحدہ قومی موومنٹ نے اس ریلی کی بھی حمایت کی ہے اور وزیر اعظم گیلانی نے اس حمایت پر لندن فون کرکے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا شکریہ ادا کیا ہے۔ بات چیت کے دوران وزیر اعظم نے کراچی کی اہمیت اور افادیت پر وہی کچھ کہا جو سب کہتے ہیں یعنی کراچی پاکستان کا اقتصادی مرکز ہے اور یہاں امن سب کے مفاد میں ہے۔ سندھ کے وزیر اطلاعات شرجیل میمن نے بھی ایم کیو ایم کے مرکز نائن زیرو پہنچ کر ریلی کی حمایت پر شکریہ ادا کیا۔دیکھنا یہ ہے کہ امن کی چھڑی کے بعد امن ریلیوں سے گلوں کے ساتھ ساتھ دل بھی ملتے ہیں یا نہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.