تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:29

ریلوے بحران ،قلی مالی پریشانی سے دوچار

آج نیوز - ریلوے کے بحران کے باعث قلی بھی مالی پریشانی سے دوچار ہوگئے ۔ریل کے پہیے کے ساتھ قلیوں کا روزگار بھی چلتا ہے۔ ریلوے کے حالیہ بحران سے مسافروں کا سامان اٹھانے والا یہ محنت کش طبقہ اب اپنے خاندان کی کفالت کا بوجھ اٹھانے سے بے بس دکھائی دیتا ہے۔
سات سال قبل ملک بھر میں یومیہ ساڑھے چار سو گاڑیاں چلائی جاتی تھیں۔ جن کی تعداد بتدریج کم ہوتی ہوئی ایک سو نوے ٹرینوں تک محدود ہو گئی ہے۔ حالیہ بحران کی وجہ سے گاڑیوں کا شیڈول بری طرح متاثر ہوا ہے متعدد ٹرینوں کو منسوخ کر دیا جاتا ہے۔ جس کی وجہ سے قلیوں کی یومیہ اجرت بھی متاثر ہوئی ہے۔ چالیس سال سے لاہور ریلوے اسٹیشن پر کام کرنے والے عمر رسیدہ قلی اب ماضی کے تذکروں کے ساتھ گرتی ہوئی کمائی اور مخدوش مستقبل کے حوالے سے پریشان نظر آتے ہیں۔
مسافروں کے سفری سامان کے علاوہ فریٹ کی بکنگ ماضی میں قلیوں کیلئے اضافی روزگار کا سبب بنتی تھی۔ پسنجر اور فریٹ سروسز کی صورتحال سے نئی بکنگ میں نمایاں کمی ہوئی ہے جس سے قلیوں کے چولہے ٹھنڈے ہو رہے ہیں۔
بیشتر قلی مستقبل کے حوالے سے مایوس نظر آتے ہیں، انکی یومیہ اجرت ٹرینوں کی آمدو رفت سے مشروط ہے، ریلوے کا بحران جلد حل نہ ہوا تو ان کے گھروں میں نوبت فاقوں تک آجائے گی۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.