1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:30
پاکستان کی بربادی کامزید تماشہ نہیں دیکھ سکتے،نوازشریف
آج نیوز - ن لیگ کے صدر نواز شریف نے کہا ہے کہ صدر زرداری نے کوئی وعدہ پورا نہیں کیا، پاکستان کی بربادی کا مزید تماشہ نہیں دیکھ سکتے۔عدالتوں کے فیصلے نہ ماننا برداشت نہیں کیا جائے گا۔ موجودہ حکومت عوامی نہیں بلکہ امریکی مینڈیٹ پراقتدارمیں آئی ہے۔ مری میں جلسہ عام سے خطاب میں نواز شریف نے کہا کہ عدالتوں کے احکامات پر من و عن عمل کیا جائے۔ اسی میں جمہوریت کی بہتری ہے۔ زرداری صاحب پاکستان کو مزید انتشار میں جانے سے روکیں۔ اس طرح کے کاموں پر قوم انہیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔نواز شریف نے کہا کہ زرداری صاحب نے اگرماضی سے سبق نہ سیکھا توقوم ٹھوکریں مارے گی۔ عوام نے مشرف کو ٹھوکریں مارکر عدلیہ بحال کرائی تھی۔ن لیگ کے قائد کا کہنا تھا کہ دس سال سے پاکستان آگے بڑھنے کے بجائے پیچھے آرہا ہے۔ پاکستان نے اگر ٹھوکریں نہ کھائی ہوتیں تو آج پاکستان ترقی یافتہ ہوتا۔مشرقی پاکستان کو ٹھوکر مار کرالگ کیا گیا۔ بنگالیوں نے سب سے زیادہ پاکستان کے لیے قربانیاں دیں مگر اقتدار اور اپنی سیاست چمکانے کے لیے ان کو زبردستی الگ کر دیا گیا۔نواز شریف کا کہنا ہے کہ پاکستان میں وہ لوگ پارلیمنٹ پہنچ گئے جن کا مینڈیٹ سے کوئی تعلق نہ تھا۔ ان افراد کو مینڈیٹ عوام نے نہیں امریکا نے دیا ہے۔قائد ن لیگ کا کہنا تھا کہ عوام کو اب زیادہ صبر نہیں کرنا پڑے گا۔ بہت ہو گیا اب وقت بدلنے والا ہے۔ حکومت کے غلط کاموں سے جمہوریت بدنام ہو رہی ہے۔