1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:30
اسٹیٹ بینک: شرح سود ساڑھے تیرہ فیصد کرنے کااعلان
آج نیوز - اسٹیٹ بینک نے شرح سود نصف فیصد کمی سے ساڑھے تیرہ فیصد کرنے کا اعلان کر دیا، نئی مانیٹری پالیسی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا۔کراچی میں اسٹیٹ بینک کے قائم مقام گورنر یاسین انور نے نئی مانیٹری پالیسی کا اعلان کیا۔ پریس کانفرنس میں انہوں نے کہا کہ گزشتہ مالی سال توانائی کے بحران اور امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث معاشی ترقی متاثر ہوئی، گزشتہ مالی سال جی ڈی پی میں محصولات کا تناسب مزید کم ہو کر آٹھ اعشاریہ چھ فیصد پر آگیا۔ انہوں نے بتایا کہ مالی سال دوہزار گیارہ میں حکومتی قرضوں میں چوہتر فیصد اضافہ ہوا، تاہم رواں مالی سال حکومت مرکزی بینک سے قرضہ نہیں لے گی۔ یاسین انور نے کہا کہ عالمی سطح پر تیل اور کپاس کی قیمتوں کے باعث توازن ادائیگی میں بہتری ہوئی اور گزشتہ مالی سال جاری کھاتوں کاخسارہ اعشاریہ آٹھ فیصد پر آگیا۔ ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قدر میں آدھا فیصد کمی ہوئی، جس سے برآمدات میں اضافہ دیکھا گیا۔ اس دوران جی ڈی پی میں قومی بچت اسکیموں کا تناسب پندرہ فیصد پر آگیا اور مالی سال دوہزار گیارہ کے دوران جی ڈی پی کی شرح نمو دو اعشاریہ چار فیصد ریکارڈ کی گئی۔