1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:31
کراچی: مختلف علاقوں میں 17 افراد قتل
آج نیوز - کراچی میں قیام امن کے لئے کل جماعتی اتحاد بھی دہشت گردوں کو لگام نہ ڈال سکا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں سترہ افراد قتل کردیئے گئے۔ لانڈھی اور ملحقہ علاقوں میں سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی گئی۔ کراچی میں رات گئے اورنگی ساڑھے گیارہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے نوجوان چل بسا۔ ہفتے کو ایک جانب پیپلزپارٹی کی اپیل پر،،پرامن علاقہ میں امن ریلی جاری تھی،،دوسری جانب مختلف علاقے دہشت گردوں کی فائرنگ سے گونج رہے تھے۔ متاثرہ علاقوں میں شیرپاوٴ کالونی، چاول گودام، حسینی چورنگی اور لانڈھی ایٹی نائن کے علاقے شامل ہیں۔ جہاں دوگروہوں کیدرمیان مورچہ بند فائرنگ ہوئی۔ لانڈھی میں فائرنگ سے دو افراد ہلاک اور دو بچے زخمی ہوگئے۔ پاک کالونی میں مسافر بس پر فائرنگ سے سگے بھائی صداقت اورمرتضٰی جاں بحق گئے۔ دیگرعلاقوں میں گیارہ افراد قتل کردیئے گئے۔ لانڈھی ایٹی نائن، شیر پاوٴ کالونی ، خرم آباد اور ملحقہ علاقوں میں پرتشدد واقعات کے بعد رینجرز اور پولیس نے ان علاقوں کا محاصرہ کرکے سرچ آپریشن کے دوران گھر گھر تلاشی لی۔ آپریشن کے دوران داخلی اور خارجی راستے بند کرکے مکمل طور پر بلیک آوٴٹ کیا گیا۔ آپریشن میں پولیس کے سو سے زائد کمانڈوز نے بھی حصہ لیا۔ پولیس نے دو مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا۔