1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:32
ناٹنگھم ٹیسٹ:بھارت دو سو اٹھاسی رنزپر آؤٹ
آج نیوز - ناٹنگھم ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت کی ٹیم انگلینڈ کے خلاف اسٹورٹ براڈ کی ہیٹرک کے بدولت دو سو اٹھاسی رنز بنا کر آؤٹ ہوگئی۔ جواب میں انگلینڈ نے ایک وکٹ کے نقصان پر چوبیس رنز بنالئے۔ناٹنگھم میں جاری ٹیسٹ کے دوسرے روز بھارت نے پہلی نامکمل اننگز چوبیس رنز ایک وکٹ کے نقصان پر دوبارہ شروع کی تو تیرنوے کے مجموعی اسکور پر وی وی ایکس لکشمن چون رنز بنا کر آؤٹ ہوگئے۔ سچن ٹنڈولکر ایک بار پھر اپنی سنچریوں کی سنچری بنانے میں ناکام رہے اور سولہ رنز بناکر اینڈریو اسٹراس کو کیچ دے بیٹھے۔ ایک سو انتالیس کے مجموعی اسکور پر سریش رائنا بھی پویلین لوٹ گئے۔ جس کے بعد یوراج اور ڈریوڈ نے اسکور میں ایک سو اٹھائیس رنز کا اضافہ کیا۔ یوراج باسٹھ رنز بناکر براڈ کا شکار بنے۔ براڈ نے اگلے ہی اوور میں مسلسل تین گیندوں پر مہندرا سنگھ دھونی، ہربھجن سنگھ اور پروین کمار کو آؤٹ کرکے ہیٹرک بنائی۔ دو سو تہتر کے ہی مجموعی اسکور پر راہول ڈریوڈ بھی آؤٹ ہوکر پویلین لوٹ گئے۔ بھارت کی پوری ٹیم دو سو اٹھاسی رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ بھارت کو پہلی اننگز میں اڑسٹھ رنز کی برتری حاصل ہے۔ راہول ڈریوڈ ایک سو سترہ رنز بناکر نمایاں رہے۔ اسٹورٹ براڈ نے چھ کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ جواب میں دوسرے روز کے اختتام پر انگلینڈ نے دوسری اننگز میں ایک وکٹ کے نقصان پر چوبیس رنز بنالئے ہیں۔