1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:32
اسلام آباد میں متعین سی آئی اے اسٹیشن چیف کی امریکا واپسی
آج نیوز - اسلام آباد میں متعین سی آئی اے اسٹیشن چیف امریکا واپس چلے گئے۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی اور امریکی میڈیا کے مطابق اسلام آباد میں تعینات سی آئی اے اسٹیشن چیف علالت کے باعث عہدہ چھوڑ کر چلے گئے ہیں اور وہ اب دوبارہ نہیں آئیں گے۔ سی آئی اے اسٹیشن چیف نے ایبٹ آباد میں اسامہ بن لادن کے خلاف کارروائی میں اہم کردار ادا کیا تھا اور وہ القاعدہ چیف کا کھوج لگانے والی ٹیم کے سربراہ تھے۔ امریکی حکام نے سی آئی اے اسٹیشن چیف کی واپسی کی تصدیق کر تے ہوئے کہا ہے کہ سی آئی اے چیف کی واپسی سے پاک امریکا انٹلیجنس تعلقات پر فرق نہیں پڑے گا۔ امریکی میڈیا کے مطابق سی آئی اے اسٹیشن چیف اور امریکی سفیر کیمرون منٹر کے درمیان ڈرون حملوں کے حوالے سے اختلافات پائے جاتے تھے۔ کیمرون منٹر نے سفارتی بات چیت کے دوران ڈرون حملوں پر اعتراض کیا تھا۔ سات ماہ میں یہ سی آئی اے کے دوسرے چیف ہیں جو پاکستان چھوڑ گئے۔