1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:32
سپریم کورٹ: حج کرپشن کیس کا تحریری فیصلہ جاری
آج نیوز - سپریم کورٹ نے حج کرپشن کیس کا تحریری فیصلہ جاری کر دیا۔ فیصلے کے مطابق آئی جی پولیس گلگت بلتستان حسین اصغر کے ڈائریکٹر ایف آئی اے کے طور پر تبادلے سے متعلق حکومتی نوٹیفکیشن کو فوری طور پر نافذ العمل کیا جائے۔ عدالت نے فیصلے میں قرار دیا ہے کہ سابق سیکریٹری اسٹیبلشمنٹ سہیل احمد کو ان کے عہدے پر بحال کیا جائے یا ان کے گریڈ کے مطابق کسی اور مناسب عہدے پر تبادلہ کیا جائے۔ سات دن کے اندر ایسا نہ کرنے کی صورت میں سہیل احمد کو او ایس ڈی بنائے جانے کا نوٹیفکیشن منسوخ تصور ہوگا۔ عدالت نے ڈی جی ایف آئی اے کو ہدایت کی ہے کہ حسین اصغر کے ایف آئی اے میں رپورٹ کرتے ہی حج کرپشن کیس کی تحقیقات سونپ دی جائیں جبکہ ان کی سابقہ ٹیم کو بھی حج تحقیقات کے سلسلے میں مکمل تعاون فراہم کیا جائے۔ ڈی جی ایف آئی اے ہر سات دن بعد اس مقدمے کی پیشرفت سے متعلق رپورٹ سپریم کورٹ میں جمع کرائیں گے۔