1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:32
محمد رفیع کو ہم سے بچھڑے 31 برس بیت گئے
آج نیوز - برصغیر کے عظیم پلے بیک سنگر محمد رفیع نے اپنی خداداد صلاحیتوں کے بل پر جو گایا وہ امر ہو گیا، گزرے زمانے کی بات ہے جب بھارت کے نامور گلوکار کے ایل سہگل لاہور کے ایک شو میں اپنے فن کا مظاہرہ کر رہے تھے کہ بجلی فیل ہو گئی، اس سے پہلے کہ شو ہڑبونگ کا شکار ہوتا، ایک نو عمر لڑکے کی تان فضا میں گونجی تو پنڈال میں سناٹا چھاگیا اور لوگوں کے واپسی کے لئے اٹھے ہوئے قدم جم کر رہ گئے۔ شو میں موجود وقت کے معروف کمپوزر شیام سندر نے جب لڑکے کی حیران کن آواز سنی تو جوہری کو ہیرے کی پرکھ میں دیر نہ لگی۔ وہ لڑکا محمد رفیع تھا، جسے پس پردہ موسیقی کی نئی تاریخ رقم کرنے کا اعزاز حاصل ہوا ۔ محمد رفیع کا فنی کیرئیر انیس سو چوالیس میں شیام سندر ہی کے ایک گیت سے شروع ہوا۔ پہلے وہ ناشاد اور فیروزنظامی اور بعد ازاں او پی نئیر اور ایس ڈی برمن کے فیورٹ گلوکار قرار پائے۔ دھنیں تخلیق ہوتی چلی گئیں اور محمد رفیع کی مدھر آواز سماعتوں کے رستے دلوں میں گھر کرتی چلی گئیں۔انڈین فلموں کے لئے چھتیس ہزار گیت گانے والے محمدرفیع اپنا کوئی ثانی نہیں رکھتے۔ محمد رفیع بھاٹی گیٹ کے محلہ چومالہ کے اس گھر میں رہائش پذیر رہے، محلہ چومالہ کی گلیوں میں آج بھی ان کی یادیں بکھری پڑی ہیں جو سینہ بہ سینہ اگلی نسلوں کو منتقل ہو چکی ہیں۔ اس محلے کے باسی آج بھی چشم تصور میں محمد رفیع کو چومالے کے تھڑوں پر بیٹھ کر گاتا ہوا محسوس کرتے ہیں۔