1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:32
کوئٹہ: ٹارگٹ کلنگ کیخلاف شٹرڈاؤن ہڑتال، جلاؤ گھیراؤ
آج نیوز - کوئٹہ میں ٹارگٹ کلنگ کے خلاف ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کی اپیل پر شٹر ڈاؤن ہڑتال ہے۔ مختلف علاقوں میں مشتعل افراد نے احتجاج کیا۔ جلاؤ گھیراؤ کے الزام میں بارہ افراد گرفتار کرلئے گئے۔ کوئٹہ میں اسپنی روڈ پرگیارہ افراد کی ہلاکت کے خلاف شٹرڈاون ہڑتال کی جا رہی ہے۔ شہرکے بڑے کاروباری مراکز لیاقت بازار،قندھاری بازار،جناح روڈ ،علم دار روڈ اور دیگرعلاقوں میں دکانیں اور کاروبار بند ہیں۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے کارکنوں نے میزان چوک پر احتجاج کیا اور ٹائرجلا کرسڑک ٹریفک کیلئے بلاک کردی۔ مظاہرین نے صوبائی حکومت اورانتظامیہ کے خلاف نعرے لگائے اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات کی روک تھام اور دہشتگردوں کی گرفتاری کا مطالبہ کیا۔ مظاہرین کا کہنا تھا حکومت شہریوں کا تحفظ یقینی نہیں بناسکتی تو اقتدار چھوڑ دے۔ پولیس نے دکانیں زبردستی بند کرانے اور توڑ پھوڑ کے الزام میں بارہ افراد گرفتار کرلئے۔