1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:33
پنجاب، خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی
آج نیوز - محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران راولپنڈی سمیت پنجاب، خیبر پختونخواہ ، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے، ملک کے دیگر اکثر علاقوں میں موسم گرم اور مرطوب رہے گا۔ گزشتہ چوبیس گھنٹے کے دوران لاہور، فیصل آباد، سرگودھا، ملتان، ساہیوال، ڈی آئی خان، کوہاٹ، پشاور، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند ایک مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ اوکاڑہ میں سب سے زیادہ ساٹھ ملی میٹر، شورکوٹ چالیس، فیصل آباد ستائیس، لاہور پندرہ، ڈی آئی خان تیرہ، گڑی دوپٹہ دس، پارا چنار چھ اور کالام میں چار ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔ بارش کے باوجود اکثر میدانی علاقوں میں حبس کی کی صورتحال برقرار ہے۔ محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران راولپنڈی، لاہور، گوجرانوالہ، سرگودھا، ہزارہ، مالاکنڈ ڈویژن، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ ملک کے زیادہ تر علاقوں میں موسم گرم مرطوب رہے گا، گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت دالبندین میں بیالیس ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔