1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:33
کراچی اسٹاک مارکیٹ اس ہفتے بھی دباؤ کا شکار رہی
آج نیوز - کراچی اسٹاک مارکیٹ اس ہفتے بھی دباؤ کا شکار رہی۔ ہنڈرڈ انڈیکس دو سو چھیاسی پوائنٹس گر گیا۔ اور کاروباری حجم میں انتالیس فیصد کمی ریکارڈ کی گئی۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ میں بلیوچپ کمپنیوں کی جانب سے توقع سے اچھے مالی نتائج کے اعلان کے باوجود کاروباری سرگرمیاں ماند رہیں۔ اور مقامی سرمایہ کاروں کے ساتھ ساتھ غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بڑے پیمانے پر سیلنگ پریشر دیکھا گیا۔ جس کی وجہ سے انڈیکس دباؤ کا شکار ہوگیا۔ امریکا میں قرضوں کے مسئلے کے باعث پاکستان کو فنڈز کی فراہمی متاثر ہونے کے خدشات، ساتھ ہی سیاسی سطح پر بے چینی پر سرمایہ کار سائڈ لائن رہے۔ دوسری جانب مارکیٹ کی توجہ اسٹیٹ بینک کی جانب سے آئندہ مانیٹری پالیسی پر مرکوز رہی۔ اس طرح ہفتے کے اختتام پر کے ایس ای ہنڈرڈ انڈیکس دو سو چھیاسی پوائنٹس کم ہو کر بارہ ہزار ایک سو نوے پوائنٹس پر بند ہوا۔ مارکیٹ کے اوسط یومیہ کاروباری حجم میں انتالیس فیصد کمی ہوئی اور یہ پانچ کروڑ اٹھارہ لاکھ شیئرز رہا۔ ساتھ ہی مارکیٹ کا مجموعی سرمایہ سینتیس ارب ستانوے کروڑ ڈالر سے کم ہو کر سینتیس ارب پینتالیس کروڑ ڈالرز پر آگیا۔ اس ہفتے آئل اینڈ گیس اور بینکنگ سیکٹر میں کاروباری سرگرمیاں نمایاں رہیں۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ مرکزی بینک کی جانب سے مانیٹری پالیسی میں ڈسکاؤنٹ ریٹ پچاس بیئسز پوائنٹس کم کر دیا ہے۔ ساتھ ہی مارکیٹ میں رزلٹ سیزن جاری ہے اس دوران بلیو چپ کمپنیوں کی جانب سے اچھے مالی نتائج مارکیت سیٹی میٹس پر اثر انداز ہوں گے۔