1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:34
کراچی :قتل و غارت گری ،جولائی میں تین سوافراد قتل
آج نیوز - چراغ تلے اندھیرا کی مثال تو آپ نے سنی ہی ہوگی۔ دنیا کو دہشت گردوں سے پاک کرنے کا عزم کرنے والا ملک پاکستان شدید اندورنی دہشت گردی کا شکار ہے۔ آبادی کے لحاظ سے پاکستان کے ہی نہیں مسلم دنیا کے سب سے بڑے شہر کراچی میں جولائی کے دوران تین سو سے زاہد افراد کو موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔کراچی میں روزانہ متعدد افراد نامعلوم سمت سے آنے والی اندھی گولی کا شکار ہو جاتے ہیں۔ فائرنگ کرنے والا کون ہے یہ معمہ شاید کبھی حل نہ ہو۔ سیکورٹی حکام کے مطابق صرف جولائی میں کراچی میں تین سو سے زاہد افراد کو قتل کر دیا گیا چار سو سے زاہد افراد زخمی بھی ہوئے۔ شرپسندوں نے ایک ماہ میں ساٹھ گاریاں بھی جلا ڈالیں۔ کراچی میں قتل کیے جانے والوں میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حکام کے مطابق پانچ سے آٹھ جولائی کے دوران سو افراد جب کہ تیئس سے انیس جولائی کے درمیان چوراسی افراد کو قتل کر دیا گیا۔ شہر میں تین سو افراد کے قتل کیبعد سندھ کے وزیراطلاعات شرجیل میمن کہتے ہیں کہ شرپسند ان کے بھٹکے ہوئے بھائی ہیں۔شرجیل میمن کہتے ہیں کہ حکومت کا دہشت گردوں کے خلاف آپریشن کا کوئی ارادہ نہیں۔ انہیں پیار اور محبت سے سمجھائیں گے۔