1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:34
کوٹیکنا کیس فیصلہ ،انتقامی سیاست کا باب ختم ہوگیا ،لطیف کھوسہ
آج نیوز - گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ ایس جی ایس کوٹیکنا کیس کے فیصلے سے انتقامی سیاست کا ایک باب بند ہو گیا ہے، سیف الرحمان نے یہ کیس سیاسی بنیادوں پر قائم کیا تھا۔ گورنر ہاوٴس لاہور میں ایک نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سردار لطیف کھوسہ نے کہا کہ آصف زرداری نے اس کیس میں گیارہ برس جیل کاٹی اور بے نظیر بھٹو نے جلاوطنی بھگتی، اس تلافی کون کرے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ عدالت پہلے بھی قرار دے چکی ہے یہ کیس بدنیتی کی بنا پر بنایا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ اب الزام لگانے والوں کا محاسبہ ہونا چاہیئے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ ان کی جماعت انتقام کی سیاست پر یقین نہیں رکھتی، عدالتوں کا احترام کرتی ہے اور کرتی رہے گی۔ گورنر پنجاب نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ دیکھنا ہو گا، میثاق جمہوریت کی روح کو کس نے مسخ کیا، عمران خان سیاست میں ابھی طفل مکتب ہیں، انہیں اپنی توجہ رفاہی کاموں پر مرکوز رکھنی چاہیئے۔