تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
1 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:34

قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہو گا، اپوزیشن کا سخت ردعمل متوقع

آج نیوز - قومی اسمبلی کا اہم اجلاس آج ہورہا ہے۔ وزیر اعظم سپریم کورٹ کے فیصلوں پر عملدرآمد سے متعلق ایوان کو اعتماد میں لیں گے، اپوزیشن کا سخت ردعمل متوقع ہے۔ قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام پانچ بجے ہورہا ہے۔ اس سے پہلے بزنس ایڈوائزری کمیٹی اور پارلیمانی پارٹیوں کے اجلاسوں میں حکمت عملی وضع کی جائے گی۔ پارلیمنٹ کے ایوان زیریں یعنی قومی اسمبلی کا اجلاس آج شام ہورہا ہے۔ اجلاس میں کیا ہوگا؟ باقاعدہ طور پر اس بارے میں ابھی تک کچھ نہیں بتایا گیا۔ لیکن تمام اندازے اور قیاس آرائیاں بتاتی ہیں کہ حکومت اور عدلیہ کے تعلقات بحث کا موضوع ہوں گے۔ حکومت کی بعض اہم شخصیات کے اعلٰی عدلیہ کے فیصلوں پر تحفظات کوئی راز نہیں ہیں۔ سابق وزیر قانون بابر اعوان بہت واضح انداز میں کہ چکے ہیں کہ افسران کی تعیناتی انتظامیہ کا اختیار ہے اور اس اختیار کا دفاع کیا جائے گا۔ جمعرات کو ایوان صدر میں اعلٰی سطح کے ایک اجلاس میں بھی تقریبا اسی رائے پر اتفاق ہوا۔ اس کے بعد مختلف حلقوں میں ریاست کے دو ستونوں کے درمیاں کشیدگی کا قیاس کیا جانے لگا۔ لیکن جمعہ کو عدالت نے تقرر، تبادلے اور تعیناتی کے اختیار پر حکومت کا موقف تسلیم کیا اور سکریٹری اسٹیبلشمنٹ کو او ایس ڈی بنانے کا حکم منسوخ کرنے کے بعد تعیناتی کے لئے گیند حکومت کے کورٹ میں پھینک دی۔۔۔ کہتے ہیں عدالتیں بولتی نہیں ان کے فیصلے بولتے ہیں۔ عدالت کے اس فیصلے نے ریاست کے دو ستونوں کے دائرہ کار کی ایک بار پھر واضح تشریح کردی ہے لیکن نظرثانی کا اختیار تو عدالت کے پاس ہمیشہ سے رہا ہے۔ حکومت پر ایک اور الزام عدالت کے فیصلوں پر عملدرآمد نہ کرنے کا ہے۔ حال ہی میں عدالت عظمٰی سے رٹائر ہونے والے جج جناب جسٹس جاوید اقبال نے اس کی بھی نفی کی ہے ان کا کہنا ہے کہ عمل میں تاخیر ہورہی ہے خیال ہے کہ وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی آج ایوان سے خطاب کریں گے۔ لیکن اب ان کا موڈ بدلا بدلا ہوگا، اور عدالت عظمٰی کے تازہ حکم کے بعد ان کے لہجہ میں جس تلخی کی توقع تھی وہ نہیں ہوگی۔ اس بارے میں اپوزیشن کی سب سے بڑی جماعت نون لیگ کا موقف بھی واضح ہے۔ نون لیگ پہلے ہی کہ چکی ہے عدلیہ کی آزادی پر وار نہیں کرنے دیں گے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.