1 اگست 2011
وقت اشاعت: 12:57
ناٹنگھم ٹیسٹ: انگلینڈ کا بھارت کو جیت کیلئے 478 رنز کا ہدف
آج نیوز - انگلینڈ نے بھارت کو دوسرے ٹیسٹ میچ میں جیت کے لئے چار سو اٹھہتر رنز کا ہدف دے دیا۔ ناٹنگھم میں جاری ٹیسٹ کے چوتھے روز انگلینڈ نے اپنی دوسری اننگز چار سو اکتالیس رنز چھ کھلاڑی آؤٹ پر دوبارہ شروع کی تو اسے بھارت پر تین سو چوہتر رنز کی برتری حاصل تھی۔ میٹ پرائرچونسٹھ اورٹم بریسنن سینتالیس رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔ انگلینڈ کی ٹیم چوتھے روز مجموعے میں صرف ایک سو تین رنز کا اضافہ کر سکی اور پوری ٹیم پانچ سو چوالیس رنز پر آل آؤٹ ہوگئی۔ ٹم بریسنن نوے اور اسٹورٹ براڈ نے چوالیس رنز اسکور کئے۔ انگلش ٹیم کی جانب سے این بیل ایک سو انسٹھ رنز بنا کر نمایاں رہے۔ پروین کمار نے چار، اشانت شرما اور سری سانتھ نے دو دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔