1 اگست 2011
وقت اشاعت: 16:50
رمضان المبارک کی آمد، سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ
آج نیوز - رمضان المبارک کی آمد کے ساتھ ہی سبزیوں کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا، ہری پیاز چالیس روپے اور بند گوبھی کی قیمت بیس روپے فی کلو بڑھ گئی، کھیرا، لوکی اور کریلا بھی دس روپے کلو مہنگا کر دیا گیا۔کراچی سبزی منڈی ہول سیل ویجی ٹیبل ایسوسی ایشن کے جنرل سیکریٹری رؤف تنولی نے آج نیوز سے گفتگو میں کہا کہ فصل کی فراہمی ختم ہونے کے باعث سبزی کی قیمتوں میں دس سے چالیس روپے فی کلو اضافہ ہوگیا۔ سب سے زیادہ اضافہ چالیس روپے ہری پیاز کی قیمت میں ہوا، جس سے قیمت سو روپے فی کلو پر پہنچ گئی۔ بند گوبھی بیس روپے، کھیرا، لوکی، کریلا اور توری دس روپے فی کلو مہنگی ہوگئی۔ ہرا دھنیہ فی گڈی چار روپے سے بڑھ کر آٹھ روپے ہوگئی۔ تاہم آلو اور پیاز اٹھارہ روپے اور ٹماٹر تیس روپے فی کلو پر برقرار ہے۔