1 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:32
بلوچستان میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہو رہا،آرمی چیف
آج نیوز - آرمی چیف جنرل اشفاق پرویز کیانی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے کسی حصے میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہو رہا،بلوچستان میں مسخ شدہ لاشوں اور لاپتہ افراد کے معاملے سے پاک فوج کا کوئی تعلق نہیں ہے۔ کوئٹہ میں انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنسز کے افتتاح کے موقع پر خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جنرل کیانی نے کہا کہ بلوچستان کے عوام عظیم اور محب وطن ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ شرپسندوں کے ناپاک منصوبے خاک میں ملا دیئے جائیں گے۔ ناراض بلوچوں سے مذاکرات سے متعلق ایک سوال کے جواب میں جنرل کیانی نے واضح کیا کہ ملک میں جمہوریت ہے اور فوج مزاحمت کرنے والوں سے براہ راست بات نہیں کر سکتی۔ جنرل کیانی نے واضح کیا کہ بلوچستان کے کسی حصے میں کوئی فوجی آپریشن نہیں ہو رہا۔ امن و امان صوبائی حکومت کی ذمہ داری ہے اور اس مقصد کے لئے وہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کا تعاون حاصل کرسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مضبوط بلوچستان مستحکم پاکستان کی بنیاد ہے۔