2 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:4
کراچی کے حالات پر قوم اب ایکشن دیکھے گی، رحمان ملک
آج نیوز - وزیر داخلہ رحمان ملک نے کہا ہے جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے ہوم ورک مکمل کرلیا۔ قوم ایکشن دیکھے گی۔ رحمان ملک صدر اور وزیر اعظم کی ہدایت پر آج صبح کراچی پہنچے۔ اعلٰی حکام سے ملاقاتوں کے بعد میڈیا سے گفتگو میں رحمان ملک نے ایک بار پھر کراچی کے شہریوں سے امن کا وعدہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں نے حکومت کا بہت امتحان لیا۔ اب تو خواتین کو بھی ٹارگٹ کیا جارہا ہے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کیلئے ہوم ورک مکمل کیا جاچکا ہے۔ قوم اب ایکشن دیکھے گی۔ کراچی میں سرگرم مافیا آقاؤں کے بارے میں بھول جائیں۔ اب آقا ان عناصر کو بچا نہیں سکیں گے۔ رحمان ملک نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے پہلی بار غیر ملکیوں کے ویزے اور سفری دستاویزات چیک کرنا شروع کی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ نوے ہزار افغانوں کے فراڈ سے حاصل کئے گئے شناختی کارڈ منسوخ کئے گئے ہیں۔ بنگالی پاڑے میں بہت سے غیر ملکی ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اب پاکستان میں کوئی بھی غیر ملکی غیر قانونی طور پر نہیں رہ سکے گا۔ رحمان ملک نے ایک بار پھر کہا کہ اسلحہ تو باہر سے ہی آتا ہے۔ وزیر داخلہ سندھ منظور وسان سے کراچی میں بد امنی پر قابو پانے کیلئے اقدامات کا پوچھا گیا تو انہوں نے کہا کہ ایکشن پلان پہلے کیوں بتائیں۔