2 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:38
کپتان مصباح سمیت سات قومی کرکٹرز کی روزہ رکھ کر ٹریننگ
آج نیوز - کپتان مصباح الحق سمیت سات قومی کرکٹرز نے روزہ رکھ کر سخت ٹریننگ کی، ان کا کہنا ہے کہ وہ دورہ زمبابوے سمیت آئندہ سات ماہ کی ٹف کرکٹ کے لئے خود کو تیار رکھنا چاہتے ہیں۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی لاہور میں چیف کوچ وقار یونس کی نگرانی میں قومی ٹیم کے کپتان مصباح الحق اور چھ کھلاڑی توفیق عمر،محمد حفیظ، اظہر علی، عمر اکمل، سہیل تنویر، اعزاز چیمہ باؤلنگ اور بیٹنگ کی پریکٹس کرتے رہے۔ کوچ کا کہنا تھا کہ دورہ زمبابوے کے لئے تربیتی کیمپ کا آغاز تو پندرہ اگست کو ہونا ہے لیکن لاہور میں دستیاب کھلاڑی خود کو فٹ رکھنے کے لئے روزہ رکھ کر بھرپور ٹریننگ کر رہے ہیں۔کپتان مصباح الحق سمیت قومی کرکٹرز کا کہنا ہے کہ بلاشبہ اتنی سخت گرمی میں روزہ رکھ کر پریکٹس کرنا آسان کام نہیں لیکن وہ پروفیشنل ہیں، اس لئے وہ خود کو فٹ اور فارم میں رکھنا چاہتے ہیں۔