3 اگست 2011
وقت اشاعت: 1:0
کراچی کی صورتحال ، متحدہ کی رابطہ کمیٹی کا اجلاس طلب
آج نیوز - کراچی کی صورتحال پر ایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کا اہم اجلاس آج طلب کرلیا گیا۔ اہم فیصلے متوقع ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ دھونس دھمکی اور دہشت گردی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔لندن سیکریٹریٹ سے جاری کردہ اعلامیے میں الطاف حسین نے کہا کہ کراچی میں فورسز کی موجودگی کے باوجود دہشت گردی جاری ہے۔ عوام کسمپرسی کی زندگی گزار رہے ہیں۔ انھوں نے کہاکہ نازیبا الفاظ سے نوازنے والوں کو آزادی ہمارے آباو اجداد کی قربانیوں سے ملی۔ انیس سو سینتالیس میں اپنی کشتیاں جلاکر آئے تھے۔ بار بار کی نسل کشی اور ریاستی تشدد کو تحمل سے برداشت کیا۔ الطاف حسین نے کہا کہ چوبیس گھنٹے گزرجانے کے باوجود خون کی ہولی کھیلنے والے لوٹ مار کرنے والوں کے خلاف کوئی کارروائی نہیں ہوئی۔ دھونس، دھمکی ،تشدد اور دہشتگردی کے آگے سر نہیں جھکائیں گے۔ ذلت کی زندگی پر عزت کی موت کو ترجیح دیں گے۔ انہوں نے اپیل کی کہ حکمرانوں اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بے حسی کو دیکھتے ہوئیعوام ایک ماہ کا راشن ذخیرہ کرلیں۔