3 اگست 2011
وقت اشاعت: 1:2
کراچی :ٹارگٹ کلنگ ،ہزاروں ہلاک
آج نیوز - کراچی میں ٹارگٹ کلنگ سے ہزاروں افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور اب آخرکار وزیرداخلہ رحمان ملک نے اس بات کا اعلان کرہی دیا ہے کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کارروائی کے لیے ہوم ورک مکمل ہوگیا،، قوم اب ایکشن دیکھے گی۔کراچی کے حالات ایک بارپھر خراب ہوئے اور رحمان ملک بھی آپہنچے۔ اعلیٰ حکام سے ملاقاتیں کیں اور عوام کو بہلانے کے لیے ایک بارپھر امن کی نوید سنادی۔ فرماتے ہیں شرپسندوں نے حکومت کا بہت امتحان لیا۔ اب ان کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔دیرسے ہی سہی لیکن وزیرداخلہ نے اس بات کا اقرارکر ہی لیا کہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف کارروائی کے لیے ہوم ورک مکمل ہے قوم اب ایکشن دیکھے گی۔ہمیشہ طالبان اور مافیاز پر شرپسندی کی ذمہ داری ڈالنے والے وزیرداخلہ نے اس باربھی ذمہ داری ڈالنے کے لیے کوئی نیا کندھا تلاش نہیں کیا۔ کہتے ہیں سرگرم مافیا کے آقا اب شرپسند عناصر کو نہیں بچا سکیں گے ۔رحمان ملک نے کہا کہ سیکورٹی فورسز نے پہلی بار غیر ملکیوں کے ویزے اور سفری دستاویزات چیک کرنا شروع کی ہیں۔ نوے ہزار افغان باشندوں کے شناختی کارڈز منسوخ کردئے گئے ہیں۔ اب پاکستان میں کوئی بھی غیر ملکی غیر قانونی طور پر نہیں رہ سکے گا۔