3 اگست 2011
وقت اشاعت: 4:38
کراچی: مزید تین لاشیں برآمد، 12 مشتبہ افراد گرفتار
آج نیوز - کراچی میں قتل وغارتگری اور پْر تشدد واقعات جاری ہیں۔ رات بارہ کے بعد مزید تین افراد قتل کردیئے گئے۔ اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقوں میں رینجرز نے سرچ آپریشن کے دوران بارہ افراد کو حراست میں لے لیا۔ ڈبل سواری پر پابندی، ایف سی کی تعیناتی، رینجرز کے اضافی اختیارات اور رحمان ملک کی موجودگی بھی کراچی میں امن قائم نہ کرسکی۔ جمشید روڈ پر اسلامیہ کالج کے قریب پچیس سالہ نوجوان کی لاش برآمد ہوئی۔ سحری کے فوری بعد بھیم پورہ میں سونار کمپاؤنڈ کے قریب دو افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں۔ چوبیس گھنٹوں میں ہلاک ہونے والوں کی تعداد تیرہ ہوگئی ہے۔ رات گئے رینجرز نے اورنگی ٹاؤن کے علاقے علی گڑھ، گلفام آباد اورقصبہ موڑ سمیت دیگر علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔ رینجرز نے اورنگی ٹاؤن کے داخلی و خارجی راستے بند کردیئے اورعلاقہ مکینوں کوگھروں سے باہر نکلنے سے منع کردیا گیا۔ اورنگی ٹاؤن میں جانیوالے افراد کو بھی ناکے پر روک لیا گیا۔ ساڑھے تین گھنٹے کے آپریشن کے دوران بارہ افراد کو حراست میں لے کر اسلحہ برآمد کر لیا گیا۔ رات تین بجے کے بعد اورنگی ٹاؤن نمبر ایک میں خواتین بڑی تعداد میں گھروں سے باہر نکل آئیں اور قذافی چوک پر احتجاجی مظاہرہ شروع کردیا۔ لانڈھی ایٹی نائن، عیسیٰ نگری، پرانی سبزی منڈی، اورنگی ٹاؤن کے مختلف علاقے، شاہ فیصل میں رینجرز کی چوکیاں قائم کردی گئی ہیں۔