3 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:15
جعلی پرائس لسٹیں آویزاں، پھل، سبزیاں مہنگے داموں فروخت
آج نیوز - گراں فروشوں نے رمضان میں بھی عوام کو نہ بخشا ، جعلی پرائس لسٹ آویزاں کرکے مہنگے داموں پھل ، سبزیاں اور اشیاء خورونوش فروخت کرتے رہے۔ سندھ حکومت نے اعلان کیا تھا کہ رمضان میں بچت بازار لگانے کے ساتھ ساتھ ، سستے آٹے کی فراہمی کو بھی یقینی بنایا جائے گا، لیکن وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہوجائے ۔ کراچی کے کسی بھی علاقے میں نہ بچت بازار نظر آئے نہ سستا آٹا مل سکا۔ منافع خورجعلی پرائس لسٹ دکانوں، ریڑھیوں پرلگائے عوام کو لوٹتے رہے ، ڈپٹی کمشنر شوکت حسین جوکھیو نے گلشن اقبال کی مختلف مارکیٹوں کا سروے کیا تو جعلی لسٹیں لگائے دکاندار فرار ہوگئے اور یہ بھید کھلا کہ جو اشیاء دس روپے میں فروخت ہونی چاہیے وہ چالیس اور پچاس روپے کی فروخت ہورہی ہیں۔ شہریوں نے ڈپٹی کمشنر کو دیکھتے ہی شکایتوں کا انبار لگادیا۔ جب منافع خوروں نے یہ منظر دیکھا تو انہوں نے بھی سستے داموں پھل اور سبزیاں فروخت کرنے کی آوازیں بلند کردیں تاکہ وہ جیل کی ہوا کھانے اور بھاری جرمانے سے بچ سکیں۔