3 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:6
سری لنکا کیخلاف مثبت کھیل پیش کرنا ہوگا، وائٹ
آج نیوز - آسٹریلوی ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان کیمرون وائٹ کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم مضبوط ہے اس کے خلاف مثبت کھیل پیش کرکے ہی کامیابی حاصل کی جاسکتی ہے۔ آسٹریلوی ٹیم ان دنوں سری لنکا کے دورے پر ہے جہاں اسے میزبان ٹیم کے خلاف دو ٹی ٹوئنٹی ، پانچ ون ڈے اور تین ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ سیریز کے آغاز سے قبل دونوں ٹیموں کے کپتانوں نے کولمبو میں پریس کانفرنس کی۔ آسٹریلوی کپتان کیمرون وائٹ کا کہنا ہے کہ سری لنکن ٹیم مضبوط ہے اور اسے ہوم گراونڈ کا ایڈوانٹیج بھی حاصل ہوگا۔ سری لنکن ٹیم تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ایک بہترین مجموعہ ہے۔ میزبان ٹیم میں موجود سینئر کھلاڑی کامیابی میں اہم کردار ادا کرتے ہیں اور وہ تمام بہت فارم میں بھی ہیں۔ سری لنکن ٹیم کو شکست دینا کافی مشکل ہوگا۔ دوسری جانب سے سری لنکن ٹیم کے کپتان تلکرتنے دلشان کا کہنا تھا کہ آسٹریلوی ٹیم نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ضرور ہے لیکن اسے آسان حریف تصور کرنا غلط ہوگا۔ آسٹریلوی ٹیم میں موجود نوجوان کھلاڑی بہت باصلاحیت ہیں۔ ابتدائی ٹی ٹوئنٹی میچوں میں آسٹریلوی ٹیم کو ہر گز آسان نہیں لیں گے۔ ہمیں کامیابی حاصل کرنے کے لئے سو فیصد کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔ آسٹریلیا اور سری لنکا کے درمیان پہلا ٹی ٹوئنٹی میچ چھ اگست کو پالیکل میں کھیلا جائے گا۔