4 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:28
دلکش آواز کے مالک اخلاق احمد کی بارہویں برسی
آج نیوز - دلکش آواز کے مالک اخلاق احمد کی بارہویں برسی آج منائی جا رہی ہے۔ اخلاق احمد کی شخصیت کا ہر پہلو دلکش تھا۔ وہ جہاں ایک باصلاحیت فنکار تھے وہیں وہ ایک نفیس انسان اور بہترین دوست بھی تھے، قدرت نے جہاں انہیں خوبصورت آواز سے نوازا وہیں انہیں ایک درد مند اور حساس دل بھی عطا کیا تھا جو ہمیشہ دوستوں کی خوشیوں پر مسرور اور دکھوں پر افسردہ ہو جاتا تھا۔ اخلاق احمد،ندیم اور مسعود رانا کا فنی کیرئیر ایک ساتھ کراچی سے شروع ہوا اور تنیوں ہی فلمی افق پر ستارے بن کر چمکے۔ اخلاق احمد کا شمار ان فنکاروں میں ہوتا ہے جنہوں نے ہمیشہ معیار کو اولیت دی، یہی وجہ ہے کہ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں محض باسٹھ فلموں میں صرف نوے گانے گائے۔ ان کی آواز کو موسیقار روبن گھوش نے خوبصورتی سے استعمال کیا ۔ عالم شباب میں وہ خون کے سرطان کا شکار ہو گئے،موذی بیماری کو شکست دینے کے لئے انہوں نے لاکھ جتن کئے ، علاج کی خاطر وہ انگلینڈ منتقل ہو گئے لیکن قدرت کو کچھ اور ہی منظور تھا۔ چار اگست انیس سو ننانوے کو اس نفیس انسان اور خوبصورت گلوکار کی موت کی خبر اہل وطن پر بجلی بن کر گری ۔اخلاق احمد نے اس دور میں آواز کا جادو جگایا، جب پس پردہ موسیقی پر مہدی حسن، مسعود رانا اور احمد رشدی کا راج تھا ، لوگ مدتوں اس مدھر آواز کے سحر سے نہ نکل پائیں گے۔