4 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:3
سحر و افطار کے دوران بجلی کی لوڈشیڈنگ جاری
آج نیوز - حکام کے دعوے دھرے کے دھرے رہ گئے۔ اہل کراچی رمضان المبارک میں سحر و افطارکے دوران بھی بجلی سے محروم ہیں۔ ماہ صیام کے آغاز کے ساتھ ہی کراچی میں شیڈول کے علاوہ غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ بھی شروع کردی گئی اور مختلف علاقوں میں شہریوں کو اس وقت مزید پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے جب سحری اور افطار کے وقت ان کے گھر تاریکی میں ڈوب جاتے ہیں۔ حکومت نے دعویٰ کیا تھا کہ رمضان المبارک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کم سے کم ہوگی اور سحرو افطار میں بجلی کی فراہمی بلا تعطل جاری رہے گی۔ جبکہ کے ای ایس سی انتظامیہ نے بھی یہ اعلان کیا تھا کہ اضافی فرنس آئل اور گیس ملنے کے بعد رمضان المبارک میں لوڈ شیڈنگ کم کردی جائے گی۔ لیکن وہ وعدہ ہی کیا جو وفا ہو۔ مگر بے وفائی پرعوام مجنوں بن کر ترک دنیا پر تیار نہیں۔ بلکہ شدید غصے میں ہیں۔ شہریوں نے حکومت اور کے ای ایس سی انتظامیہ سے مطالبہ کیا ہے کہ رمضان المبارک اور باالخصوص سحر و افطار کے وقت بجلی کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔