4 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:56
شیخوپورہ: سستے رمضان بازاروں میں ناقص اشیاء کی فروخت
آج نیوز - شیخوپورہ میں گیارہ سے زائد سستے رمضان بازار لگائے گئے ہیں لیکن ان بازاروں میں غیر معیاری اور ناقص اشیاء فروخت ہونے پر شہری مایوسی کا شکار ہیں۔ شیخوپورہ میں ضلعی انتظامیہ کی جانب سے مختلف علاقوں میں گیارہ سے زائد رمضان بازار قائم کئے گئے ہیں،کچھ صارفین کا کہنا ہے کہ ان بازاروں میں چیزیں تو سستی دستیاب ہیں لیکن ان کا معیار ٹھیک نہیں ہے تاہم کچھ شہریوں نے یہاں بھی مہنگائی کا شکوہ کیا۔ مارکیٹ کمیٹی روزانہ کی بنیاد پر ریٹ لسٹ فراہم کرتی ہے لیکن اس پر عملدرآمد نہیں ہوتا۔۔ دوسری طرف چیئرمین مارکیٹ کمیٹی کا دعوٰی ہے کہ مقررہ نرخوں سے زائد فروخت کرنے والوں کے خلاف کارروائی کی جاتی ہے۔ دکانداروں کا کہنا ہے پچھلے سال رمضان المبارک میں انہوں نے جو اسٹال لگائے تھے ابھی تک ان کی سبسڈی نہیں مل جس کی وجہ سے اس بار وہ سستے چیزیں بیچ کر اپنا مزید نقصان نہیں کر سکتے۔ رمضان بازاروں میں کنٹرول ریٹ پر بیمار اور لاغر جانوروں کا گوشت فروخت کیا جارہا ہے۔ ڈی سی او شیخوپورہ ابرار مرزا کا کہنا ہے کہ سستے آٹے کے ٹرک لگادیئے گئے ہیں۔ کسی بھی بے قاعدگی کی شکایت ملی تو اس پر فوری کارروائی کی جائے گی۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ سستے رمضان بازاروں حقیقی ریلیف اس صورت مل سکتا ہے جب یہاں معیاری اشیائے صرف کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔