تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
4 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:22

الطاف حسین کی سندھی قوم سے معذرت

آج نیوز - ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پوری سندھی قوم خصوصاً قوم پرستوں اور دانشوروں سے معذرت کرلی ہے۔لندن سے جاری ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ انہوں نے جو کچھ کہا مہاجروں کی قربانیوں کا مذاق اڑانے والوں اور لعن طعن کرنے والوں کے بارے میں کہا تھا۔ ہوسکتا ہے وہ اپنے خیالات کی صحیح ترجمانی نہ کرسکے ہوں یا سندھی قوم پرست اور دانشور ان کی بات کی روح اور گہرائی کو نہ سمجھ سکے۔ اس سے پہلے ایک ویڈیو پیغام میں الطاف حسین نے کراچی کے شہریوں سے کہا کہ اللہ پر بھروسہ رکھیں اور صبروتحمل کا مظاہرہ کریں راشن جمع کرنے کی اپیل قصبہ کالونی جیسی صورتحال کے پیش نظر کی تھی۔لندن سے کراچی کے شہریوں کے نام ویڈیو پیغام میں الطاف حسین نے کہا کہ قیام امن کے لئے ایم کیو ایم کے کارکنان تمام مذہبی وسیاسی جماعتوں سے بات کریں۔ الطاف حسین نے حساس علاقوں میں قیام امن کے لئے اقدامات پر ڈی جی رینجرز اور دیگر اہلکاروں کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ کراچی کے شہری ہرقیمت پر پرامن رہیں اور صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کراچی میں رہنے والی تمام قومیتوں سے امن کیلئے اتحاد کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کی۔ الطاف حسین کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و خوشحالی سے پاکستان خوشحال ہوگا۔ عوام اللہ پر بھروسہ رکھیں رینجرز ان کی جان و مال کا تحفظ کریں گے۔الطاف حسین نے کہا کہ سندھ دھرتی انکی ماں ہے وہ شاہ لطیف کے ماننے والے ہیں اور امن و استحکام کے لئے ہر قربانی دینے کو تیار ہیں۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.