4 اگست 2011
وقت اشاعت: 19:12
پاکستان ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کافیصلہ
آج نیوز - پاکستان ریلوے کا مالی بحران حل کرنے کیلئے اعلی سطح اجلاس بے نتیجہ رہا۔ وزیراعظم کہتے ہیں ریلوے کی ری اسٹرکچرنگ کا فیصلہ کر لیا گیا ہے۔ریلوے کے مالی بحران پہ غور کیلئے وزیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اعلی سطح اجلاس اسلام آباد میں ہوا۔ وفاقی وزیر ریلوے غلام احمد بلور، وفاقی وزیر محنت سید خورشید شاہ اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔ کئی گھنٹے جاری رہنے والے اجلاس میں کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا اور نہ ہی وزارت خزانہ نے ریلوے کو کسی قسم کے فنڈز جاری کرنے کا یقین دلایا۔ حکومت نے ریلوے کیلئے گیارہ ارب روپے کاپیکیج منظور کیا تھا جس میں سے وزارت خزانہ اب تک صرف دو ارب روپے جاری کر سکی۔ اجلاس میں ریلوے نے مذید نو ارب روپے کا مطالبہ کیا۔ ریلوے کی تنظیم نو کیلئے ماہرین کی خدمات حاصل کرنے سے متعلق امور بھی زیر غور رہے تاہم اس بارے میں بھی کوئی حتمی فیصلہ نہ ہوسکا۔دوسری جانب وزیر اعظم سید یوسف رضا گیلانی نے بہاولپور میں ایک تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ریلوے کی تنظیم نو کا فیصلہ کرلیا گیا ہے اس بارے میں جلد وزیر خزانہ اپنی تجاویز پیش کریں گے۔