تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
5 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:22

لاہور میں جشن آزادی کی تیاریاں شروع، بازار سج گئے

آج نیوز - لاہور میں اگست کا آغاز ہوتے ہی جشن آزادی کی تیاریاں شروع کر دی گئی ہیں، بازار سبز ہلالی پرچموں، جھنڈیوں اور بیجز سے سج گئے۔ چودہ اگست، یوم آزادی پاکستان یوں تو ہر سال ایک قومی تہوار کی حیثیت سے منایا ہی جاتا ہے لیکن اس میں عوامی رنگ نہ ہو تو یہ ایسے ہی ہے، جیسے ساون بن برسے گزر جائے۔ سرکاری عمارتیں اپنی جگہ، ہر گھر، محلے اور سواری پر قومی پرچم آویزاں کر نے کے لئے لوگ بیتابی سے خریداری میں مصروف ہیں۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ حالات جیسے بھی ہوں، وہ اپنا یوم آزادی شایان شان طریقے سے منا کر ثابت کرنا چاہتے ہیں کہ ہم زندہ قوم ہیں۔ بازار رنگ برنگی جھنڈیوں، سبز ہلالی پرچموں اور قمقموں سے سج گئے ہیں۔ لوگوں کے جوش و خروش سے اندازہ ہوتا ہے کہ وطن سے محبت کا یہ جذبہ ضرور ایک نہ ایک دن پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کی ان بلندیوں تک لے جائے گا، جس کا خواب بانی پاکستان نے دیکھا تھا۔ یوم آزادی کے موقعے پر سرکاری عمارتوں پر پرچم کشائی کی تقاریب کے اہتمام کے لئے بھی تیاریاں عروج پر ہیں جبکہ مختلف تنظیموں کی طرف سے ریلیاں اور سیمینار منعقد کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔ موجودہ حالات میں یوم آزادی کے موقعے پر پوری قوم کو متحد ہو کر امن،اخوت اور محبت کے درس کو عام کرنے کا عہد کرنا ہو گا۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.