5 اگست 2011
وقت اشاعت: 5:54
امریکی دفاعی بجٹ میں کٹوتی سے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں، پنیٹا
آج نیوز - امریکا کے وزیر دفاع لیون پنیٹا کا کہنا ہے کہ اگر امریکی دفاعی بجٹ میں مزید کٹوتی کی گئی تو اس سے مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ بجٹ میں مزید کٹوتیوں سے قومی دفاع کو بھی کسی حد تک نقصان پہنچ سکتا ہے۔ واشنگٹن میں چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف ایڈمرل مائیک مولن کے ساتھ نیوز کانفرنس کرتے ہوئے لیون پنیٹا نے کہا کہ بجٹ میں کٹوتی سے پہلے ہی مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ساڑھے تین سو ارب ڈالر دفاعی کٹوتی تو کسی حد تک برداشت کی جاسکتی ہے لیکن اس سے زیادہ نہ کی جائے۔ فوجی بجٹ میں چھ سو ارب ڈالرز کی کٹوتی ٹھیک نہیں ہوگی۔ لیون پنیٹا پہلے ہی اس حوالے سے صدر اوباما کو خط لکھ چکے ہیں جس میں انھوں نے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ایڈمرل مائیک مولن نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں کٹوتی سے بے انتہا مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دفاعی بجٹ میں کمی سے عراق اور افغانستان میں آپریشن متاثر ہوسکتے ہیں۔