5 اگست 2011
وقت اشاعت: 8:35
کراچی سمیت ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی
آج نیوز - امریکی قرضوں کے معاملے پر ایشیائی اسٹاک مارکیٹس میں شدید مندی، کراچی اسٹاک کا ہنڈریڈ انڈیکس ٹریڈنگ کے دوران پانچ سو پوائنٹس سے زیادہ گرگیا۔ عالمی سطح پر معاشی سست روی کے خدشات پر دنیا بھر کی مارکیٹس شدید مندی کی لپیٹ میں ہیں، بیشتر مارکیٹس رواں سال کی کم ترین سطح تک گر گئیں۔ کراچی اسٹاک مارکیٹ شدید مندی کی لپیٹ میں ہے ، ٹریڈنگ کے دوران ہنڈرڈ انڈیکس پانچ سو سے زائد پوائنٹس گر گیا۔ امریکی معیشت کے حوالے سے کمزور اعدادو شمار کے باعث امریکا میں ایک بار پھر کساد بازاری کے خدشات زور پکڑ رہے ہیں۔ ساتھ ہی یورپ کے قرضوں کے بحران کے باعث عالمی سطح پر معاشی سست روی کا امکان ہے اور سرمایہ کاروں کا اعتماد متاثر ہونے سے تمام بین الاقوامی مارکیٹس شدید مندی کا شکار ہیں۔ جبکہ کموڈٹیز میں بھی بڑے پیمانے پر فروخت کا رجحان ہے۔ خام تیل کی قیمت میں ہفتہ وار بنیاد پر دس فیصد کمی ہوئی، سونے کی قیمت ریکارڈ سطح سے چالیس ڈالر گر گئی۔ ساتھ ہی وال اسٹریٹ میں دو ہزار نو کے مالیاتی بحران کے بعد کی بد ترین مندی ریکارڈ کی گئی۔ جس کا اثر ایشیائی سیشن میں بھی دیکھا جارہا ہے۔ کاروبار کے آغاز پر ہی ایشیائی اسٹاک مارکیٹس تین سے چار فیصد گرگئیں، ہانگ کانگ کا ہینگ سینگ انڈیکس چار اعشاریہ تین فیصد، جاپانی اسٹاک مارکیٹ ساڑھے تین فیصد اور بھارت کے بی ایس ای تھرٹی انڈیکس میں ڈھائی فیصد کمی ہوئی۔ تاہم گزشتہ روز کی مندی کے بعد ایشیائی سیشن میں سونے میں بارگین ہنٹنگ کی وجہ سے معمولی بہتری دیکھی جارہی ہے اور فی اونس سونا سات ڈالر بڑھ کر ایک ہزار چھ سو چون ڈالر پر ٹریڈ کر رہا ہے۔ تاہم خام تیل کی قیمت میں آج بھی منفی رجحان برقرار ہے اور ایک بیرل لائٹ سویٹ کروڈ ڈیڑھ ڈالر کمی سے پچاسی ڈالر کی سطح پر آگیا۔