5 اگست 2011
وقت اشاعت: 9:57
کراچی: عمارت منہدم، ملبہ ہٹانے کا کام جاری، 10 افراد ہلاک
آج نیوز - کراچی میں منہدم عمارت کے ملبے سے ایک اور شخص کی لاش نکال لی گئی، ہلاک شدگان کی تعداد دس ہوگئی۔ کراچی کے علاقے موسٰی لین میں گزشتہ روز گرنے والی عمارت کا ملبہ ہٹانے کا کام دوسرے دن بھی جاری ہے۔ ملبہ سے دس لاشیں نکالی جاچکی ہیں۔ گزشتہ روز کراچی کے علاقے موسیٰ لین میں پانچ منزلہ عمارت گر گئی تھی۔ جس کا ملبہ اٹھانے کا کام آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ پاک فوج، شہری انتظامیہ اور دیگر ادارے امدادی کارروائیوں میں حصہ لے رہے ہیں۔ کسی بھی ممکنہ خطرے سے بچنے کیلئے غیر متعلقہ افراد کو جائے حادثہ پر جانے سے روک دیا گیا ہے۔ قریبی عمارتیں خالی کرائی جاچکی ہیں۔ ممتاز سماجی کارکن عبد الستار ایدھی نے جائے حادثہ کا دورہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملبے تلے دبے افراد کی درست تعداد کا علم نہیں ہوسکا۔ جائے وقوع پر امدادی کارروائیاں سست روی سے جاری ہیں۔ جس پر متاثرین نے عدم اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ متاثرین اور خالی کرائی گئی عمارتوں کے رہائشیوں نے رات مساجد میں گزاری۔ جہاں ان کیلئے سحری کا انتظام کیا گیا تھا۔