5 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:32
حکومت کراچی کے حالات کنٹرول کرنے میں ناکام ہوگئی،نواز
آج نیوز - نواز شریف نے کہا ہے کہ کراچی کے حالات پر ان کا دل رنجیدہ ہے۔ حکومت شہر قائد میں امن قائم کرنے میں ناکام ہوچکی ہے۔ رائیونڈ میں اپنی رہائش گاہ پر وفود سے ملاقات میں نواز شریف نے کہا ہے کراچی ملکی معیشت کا حب ہے، اس کے شہریوں کو تحفظ فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ شہرقائد میں معصوم شہریوں کو شرپسندوں کے رحم کرم پر چھوڑ دیا گیا ہے۔امن و امان کی ابتر صورتحال کے باعث غیر ملکی سرمایہ کاری بھی متاثر ہورہی ہے۔ نواز شریف نے نئے صوبوں کے قیام کے حوالے سے قائم کمیٹی کی پیش رفت کا بھی جائزہ لیا۔ ترجمان کے مطابق کمیٹی نواز شریف کو سوموار تک حتمی رپورٹ پیش کرے گی۔