6 اگست 2011
وقت اشاعت: 10:20
لالی ووڈ اداکارہ نادرہ کی سولہویں برسی آج منائی جا رہی ہے
آج نیوز - لالی ووڈ کی خوبرو اور با صلاحیت اداکارہ نادرہ کی سولہویں برسی آج منائی جا رہی ہے، اداکارہ کے قاتل سولہ سال بعد بھی گرفتار نہیں کئے جاسکے۔ نادرہ کے چہرے کا ہر نقش پْر کشش اور سراپا دلکش تھا۔ وہ اپنی تمام تر حشر سامانیوں کے ساتھ پردہ سکرین پر کچھ یوں نمودار ہوتی کہ دیکھنے والے دیکھتے ہی رہ جاتے ، قدرت نے جہاں اسے ہوشربا حسن سے نوازا وہیں اسے جینے کے لئے مختصر عمر عطا کی. نادرہ کو ہدایتکار یونس ملک نے انیس سو چھیاسی میں اپنی فلم''آخری جنگ'' میں متعارف کروایا اور یہ بھی اتفاق ہے کہ ہدایتکار الطاف حسین کی فلم ''نشان'' پہلے ریلیز ہونے کی وجہ سے نادرہ کی ڈیبیو فلم کہلائی۔ دلکش حسن،متناسب سراپے اور رقص میں مہارت کے باعث وہ بہت جلد فلم ویورز کے دلوں میں گھر کر گئی.نادرہ نے لگ بھگ ساٹھ فلموں میں وقت کے معروف ہیروز کے مقابل ہیروئین کے کردار ادا کئے۔ فلمی حلقے آج بھی نادرہ کو بااخلاق اور ہنس مکھ اداکارہ کے طور پر یاد کرتے ہیں۔ اگست انیس سو پچانوے کی ایک منحوس رات کو وہ لبرٹی مارکیٹ کے علاقے سے اپنے شوہر کے ساتھ گاڑی پر گزر رہی تھی کہ ایک پراسرار گولی اس حسین ساحرہ کی زندگی کا چراغ گْل کر گئی .نادرہ کی المناک موت سے فلمی صنعت ایک خوبرو اور ٹیلنٹڈ فنکارہ سے محروم ہو گئی ، فلم بین آج بھی اس حسین ساحرہ کو اس کے خوبصورت کرداروں کی وجہ سے یاد کرتے ہیں.