تازہ ترین سرخیاں
 تازہ ترین خبریں 
6 اگست 2011
وقت اشاعت: 14:44

پیپلز پارٹی اور ایم کیوایم کے درمیان برف پگھلناشروع

آج نیوز - پیپلز پارٹی اور ایم کیو ایم کے درمیان برف پگھلنا شروع ہوگئی۔ گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کہتے ہیں کہ بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے اور کچھ معاملات طے بھی کرلئے گئے ہیں۔کراچی میں امن و امان قائم کرنے اور اختلافات دور کرنے کیلئے پیپلز پارٹی کے بابر اعوان اور ایم کیو ایم کی طرف سے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کو مذاکرات کا مینڈیٹ دیا گیا ہے۔ اسلام آباد میں بابر اعوان کی رہائش گاہ پر دونوں رہنماؤں کی ملاقات ہوئی۔ جس کے بعد میڈیا کو بریفنگ دیتے ہوئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے کہا کہ کراچی میں بہت سے عناصر سیاسی اختلاف کا فائدہ اٹھا لیتے ہیں جسے دونوں جماعتوں نے محسوس کیا اور طے کیا کہ عوامی مسائل کے حل میں رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ بات چیت میں پیش رفت ہوئی ہے،عوام جلد نتائج دیکھیں گے۔گورنر سندھ نے کہا کہ ایم کیو ایم کی حکومت میں واپسی علیحدہ معاملہ ہے،پہلی ترجیح سیاسی ہم آہنگی ہے۔ایک سوال کے جواب پر ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں امن و امان کی بحالی کا ٹائم فریم نہیں دیا جاسکتا،حالات اس نہج پر جانے ہی نہیں دیں گے کہ فوج کی ضرورت پڑے،جرائم پیشہ افراد کیخلاف بلا امتیاز کارروائی ہوگی۔بابر اعوان نے بتایا کہ صدر آصف زرداری اور الطاف حسین نے اداروں کو مضبوط کیا۔ کراچی میں امن و امان کی بحالی کے لئے دونوں رہنماؤں کی ہدایت کی روشنی میں بات چیت کا سلسلہ شروع کیا گیا ہے۔

متن لکھیں اور تلاش کریں
© sweb 2012 - All rights reserved.