6 اگست 2011
وقت اشاعت: 18:46
نیا صوبہ نہ بنایا گیا تو کراچی جیسے حالات کا اندیشہ ہے،گورنرپنجاب
آج نیوز - گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے کہا ہے کہ جنوبی پنجاب کے اضلاع پر مشتمل نیا صوبہ نہ بنایا گیا تو کراچی جیسے حالات پیدا ہونے کا اندیشہ ہے۔لاہور میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت مستحق خواتین میں چیک تقسیم کرنے کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں آبادی کے تناسب سے نیا صوبہ تشکیل نہ دیا گیا تو امن وامان کی صورتحال خراب ہونے کا خدشہ ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی لسانی نہیں، انتظامی بنیادوں پر نیا صوبہ بنا کر پسماندہ علاقوں کی محرومیاں دور کرنا چاہتی ہے، مسلم لیگ ن جنوبی پنجاب کے اضلاع پر مشتمل نئے صوبے کا نام تجویز کرنے کے لئے پیپلز پارٹی کا ساتھ دے۔بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کی چیئرپرسن فرزانہ راجہ نے بتایا کہ پروگرام کے تحت اٹھاسی ارب روپے تقسیم کئے جا چکے ہیں، جس میں سے ستاون ارب روپے مختلف سیاسی جماعتوں کی تجویز پر جبکہ تیرہ ارب روپے خود نواز شریف نے تقسیم کئے ہیں۔فرزانہ راجہ کا کہنا تھا کہ پروگرام کے تحت ایک نئی اسکیم شروع کی جا رہی ہے، جس کے ذریعے ستر لاکھ خاندانوں کے دس لاکھ بچوں کو تعلیمی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔