7 اگست 2011
وقت اشاعت: 7:5
تیرہ اگست کی رات نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے، عمران خان
آج نیوز - پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کے ظلم اورناانصافی کیخلاف آوازبلند کرتا رہوں گا۔ چیف جسٹس کرپٹ لوگوں کا احتساب کریں۔ اسلام آباد میں پاکستان تحریک انصاف کے زیراہتمام ملک بچاؤ حکومت ہٹاؤ دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کراچی میں ظلم ہورہا ہے غریب آدمی مرجاتا ہے اور وزیر داخلہ رحمن ملک کراچی جا کر مفاہمت کرادیتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ افسوس ہے کہ کراچی میں ہزاروں لوگوں کا قتل ہوچکا ہے لیکن آج تک کوئی مجرم نہیں پکڑا گیا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ حکمراں دولت کے پجاری ہیں اور اس وقت اسمبلیوں میں جو لوگ بیٹھے ہیں وہ مجرموں کی پشت پناہی کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کا نوجوان پاکستان کو ایسا پاکستان دیکھنا چاہتا ہے جس کی دنیا بھرمیں عزت ہو۔ دھرنے کے اختتام پرعمران خان نے کہا کہ اگلا دھرنا تیرہ اگست کی رات کو ہوگا جو پاکستان کی آزادی کا دن ہوگا اور اس دن ایک نئے پاکستان کی بنیاد رکھیں گے اور تیرہ اگست کو عوام کا سمندرہوگا۔